الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سیاسی جماعت پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کو ڈی لسٹ کر دیا ہے جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے اکتوبر 2026 تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران کمیشن نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ جماعت کو متعدد بار طلب کیا گیا تاہم مسلسل عدم پیشی اور انٹرا پارٹی انتخابات نہ کروانے پر اسے فہرست سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے جماعت کو مقررہ مدت میں انتخابات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اکتوبر 2026 تک مہلت دے دی۔
سماعت کے دوران ایم کیو ایم کی نمائندگی فروغ نسیم نے کی جبکہ ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے کمیشن کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم کیو ایم اس سے قبل بھی انٹرا پارٹی انتخابات مقررہ وقت میں مکمل نہیں کرسکی تھی اور انتخابی فہرستوں کی تیاری کے لیے مزید وقت کی درخواست کی گئی تھی۔
مزید برآں استحکام پاکستان تحریک کو بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔