بیرون ملک افراد کے ویزا اسپانسرز کے لیے نادرا کی نئی سہولت متعارف

image

بیرون ملک افراد کو پاکستانی ویزا کے حصول کے لیے اسپانسر کرنے والے پاکستانی شہری اب نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی بائیومیٹرک تصدیق کرا سکیں گے۔

نادرا کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی سہولت کے تحت پاکستان آن لائن ویزا سسٹم میں جمع کرائی گئی درخواستوں کے لیے اسپانسر کی بائیومیٹرک تصدیق موبائل فون کے ذریعے ممکن ہوگی، جس کے لیے کسی دفتر جانے یا اضافی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

نادرا کے مطابق ویزا درخواست جمع ہونے کے بعد اسپانسر کو درخواست کی تفصیلات پر مشتمل ایک ای میل موصول ہوگی، جس کے بعد وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں لاگ اِن کرکے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل مکمل کر سکے گا۔

بیان کے مطابق پہلی مرتبہ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے لیے ای میل، فنگر پرنٹس اور چہرے کی تصدیق درکار ہوگی۔ اکاؤنٹ فعال ہونے کے بعد صارف نادرا سروسز کے ذریعے متعلقہ آپشن منتخب کرکے اپنی یا قریبی خونی رشتہ دار کی بائیومیٹرک تصدیق کر سکے گا۔

نادرا کا کہنا ہے کہ تصدیقی عمل مکمل ہونے پر صارف کو ویری فکیشن سکسیس فل کا پیغام موصول ہوگا، جس کے بعد ویزا درخواست کا اسٹیٹس خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا اور مزید کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق نئی سہولت متعارف کرانے کا مقصد ویزا اسپانسر شپ کے عمل کو زیادہ محفوظ، تیز اور آسان بنانا ہے تاکہ شہری دفتری کارروائی سے بچتے ہوئے اپنے موبائل فون کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US