محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے متعدد شہروں میں موسم خوشگوار ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ رات کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے سیاحتی مقامات مری اور گلیات سمیت گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، شیخوپورہ اور سیالکوٹ کے چند علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، چترال اور بٹگرام کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مختلف علاقوں میں بوندا باندی کی توقع ہے، جبکہ تھرپارکر، اسلام کوٹ اور عمرکوٹ میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے علاوہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔