آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے لیے الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی حتمی اور نظرثانی شدہ فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر 852 امیدوار انتخابی میدان میں رہ گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے لیے 45 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 255 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم کاغذات واپس لینے کے مرحلے کے بعد 313 امیدوار دستبردار ہوگئے، جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے چار حلقوں میں 129 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جن میں سے 31 امیدواروں نے دستبرداری اختیار کی، جس کے بعد 98 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں۔
میرپور ڈویژن کے تین حلقوں میں 83 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے، جن میں سے 20 امیدوار دستبردار ہوئے، جبکہ 63 امیدوار میدان میں موجود ہیں۔
اسی طرح کوٹلی ڈویژن کے چھ حلقوں میں 197 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جن میں سے 62 امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لیے، جس کے بعد 135 امیدوار انتخابی مقابلے میں حصہ لیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام 45 حلقوں کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے اور انتخابی عمل مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔