شفافیت کے لیے ہر ترقیاتی منصوبے کا علیحدہ اکاؤنٹ لازم، وزارتِ خزانہ نے گائیڈ لائنز جاری کردیں

image

وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء کو مالیاتی گنجائش سے مشروط کرتے ہوئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت فنڈز کی مرحلہ وار فراہمی کی حکمت عملی جاری کردی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ترقیاتی فنڈز چار سہ ماہی اقساط میں جاری کیے جائیں گے۔ پہلی سہ ماہی میں مجموعی فنڈز کا 15 فیصد، دوسری سہ ماہی میں 20 فیصد، تیسری سہ ماہی میں 25 فیصد جبکہ چوتھی سہ ماہی میں 40 فیصد فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئے مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ منصوبہ بندی ڈویژن منظور شدہ منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کرنے کا مجاز ہوگا۔ فنڈز کی تقسیم صرف منظور شدہ بجٹ کی حد کے اندر کی جائے گی۔

وزارت خزانہ نے ہدایت کی ہے کہ غیر ملکی ادائیگیوں کے لیے پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ مقررہ حد سے زائد ادائیگی وزارت خزانہ کی اجازت کے بغیر نہیں کی جاسکے گی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ شفاف مالی نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے ہر ترقیاتی منصوبے کے لیے علیحدہ اسائنمنٹ اکاؤنٹ کھولا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US