63 سالہ خاتون برسوں کی دعا کے بعد ماں بن گئیں، جدید طبی علاج نے خواب حقیقت بنا دیا

image

آذربائیجان میں 63 سالہ خاتون نے کئی برس تک اولاد نہ ہونے کے بعد جدید طبی علاج کی بدولت ایک صحت مند بچے کو جنم دیا جسے تولیدی طب کے شعبے میں ایک غیر معمولی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ خوشخبری ڈاکٹر آف فلاسفی اِن میڈیسن، ڈاکٹر ناطق مہرموف نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کی۔ ان کے مطابق خاتون کئی سال تک قدرتی طور پر حاملہ نہ ہو سکیں تاہم کامیاب طبی علاج کے بعد وہ ماں بننے میں کامیاب رہیں۔

ڈاکٹر ناطق مہرموف نے اپنے بیان میں کہا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم نے ضروری علاج مکمل کیا اور ہماری 63 سالہ مریضہ نے برسوں کے انتظار کے بعد اپنے بچے کو پہلی بار گود میں لیا۔ اللہ تعالیٰ اس بچے کی حفاظت فرمائے۔ ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ہماری کوششیں کامیاب رہیں اور ہم اس خاندان کی خوشیوں کا سبب بن سکے۔

ڈاکٹر کے مطابق یہ واقعہ جدید تولیدی طب کی ترقی کا ایک اہم ثبوت ہے جس نے ایک ایسے خواب کو حقیقت میں بدل دیا جو کئی برسوں سے ادھورا تھا۔

واضح رہے کہ 63 سال کی عمر میں بچے کی پیدائش انتہائی نایاب واقعہ تصور کیا جاتا ہے اسی لیے اس خبر نے عوامی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US