پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق ملک میں مقامی سطح پر رجسٹرڈ فائیو جی موبائل فونز کی تعداد بڑھ کر 38 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ مقامی طور پر فائیو جی اسمارٹ فونز کی تیاری میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے کی دستاویزات کے مطابق اپریل کے دوران ملک میں ایک لاکھ 62 ہزار 40 فائیو جی موبائل فونز مقامی سطح پر تیار کیے گئے جبکہ مئی کے اختتام تک مقامی طور پر تیار کردہ فائیو جی ڈیوائسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 61 ہزار 326 ہو گئی۔
دستاویز کے مطابق مقامی پیداوار میں اضافے سے صارفین کو نسبتاً کم قیمت پر فائیو جی اسمارٹ فونز دستیاب ہوں گے۔ مختلف موبائل فون ساز کمپنیاں پاکستان میں فائیو جی سے ہم آہنگ ڈیوائسز تیار کر رہی ہیں تاکہ مستقبل میں جدید موبائل سروسز کی فراہمی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ فائیو جی سروس استعمال کرنے کے لیے صارفین کے پاس مطابقت رکھنے والے ہینڈ سیٹس کا ہونا ضروری ہے جبکہ بعض فائیو جی ڈیوائسز میں اس سہولت کو فعال کرنے کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ بھی درکار ہو سکتی ہے۔