اسلام آباد: کشمیر چوک انڈر پاس کا باقاعدہ افتتاح، وزیراعظم کی محسن نقوی کو شاباش

image

اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کے پورے سیاسی کیریئر میں اتنی مختصر مدت میں کوئی میگا پراجیکٹ مکمل نہیں ہوا، جس تیزی سے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 27 روز میں انڈر پاس، ملحقہ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ بڑی تعداد میں درخت اور پودے بھی لگائے گئے ہیں۔

شہباز شریف نے منصوبے میں شفافیت کو بھی قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کا ٹھیکا شفاف طریقہ کار کے تحت ای پی اے ڈی (e-PAD) کے ذریعے دیا گیا، جبکہ منصوبہ مقررہ تخمینے سے بھی کم لاگت میں مکمل کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری ہے اور اگلے سال شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس سے قبل اسلام آباد میں مزید شاندار منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو پھولوں سے سجا دیں تاکہ وفاقی دارالحکومت آنے والے مہمان اور شہری پھولوں کی خوشبو اور خوبصورتی سے لطف اندوز ہوسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US