سائبر دنیا میں نیا موڑ: خودکار اے آئی ایجنٹ نے ہگنگ فیس کے سرورز کو نشانہ بنا ڈالا

image

مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی 'ہگنگ فیس' (Hugging Face) نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک ایسے سائبر حملے کا نشانہ بنی ہے جو مکمل طور پر ایک خودمختار اے آئی (AI) سسٹم نے انجام دیا۔

کمپنی کے مطابق یہ حملہ ابتدائی مرحلے سے لے کر آخری حد تک ایک خودمختار اے آئی ایجنٹ سسٹم کی جانب سے کیا گیا، جس نے سیکیورٹی کی خامیوں کو تلاش کر کے ان کا فائدہ اٹھایا۔

ہگنگ فیس، جو ڈیولپرز کو اے آئی ماڈلز شیئر اور ہوسٹ کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے، کے سیکیورٹی نظام میں ایک ایسا ڈیٹا سیٹ اپ لوڈ کیا گیا جس نے سیکیورٹی کی کمزوری کا استعمال کرتے ہوئے کمپنی کے سرورز پر خود بخود کوڈ چلا دیا۔ کیونکہ یہ حملہ مکمل طور پر اے آئی کی مدد سے کیا جا رہا تھا، اس لیے اس نے حملے کے دوران ہزاروں مختلف اقدامات خودکار طریقے سے انجام دیے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ حملہ کہاں سے کیا گیا اور اس کے پیچھے کون سا اے آئی سسٹم ملوث تھا۔

ہگنگ فیس کا کہنا ہے کہ اس نے اس حملے کی نشاندہی اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی اپنے اے آئی ٹولز اور لارج لینگویج ماڈلز (LLM) کا استعمال کیا۔ خودکار سیکیورٹی ٹولز نے غیر معمولی سرگرمیوں کا پتہ لگایا اور منٹوں میں حملے کا پورا طریقہ کار، ٹائم لائن اور ممکنہ خطرات کا جائزہ تیار کر لیا، جس سے دنوں کا کام گھنٹوں میں مکمل ہوگیا۔

تاہم کمپنی نے نشاندہی کی کہ سیکیورٹی تحفظات کی پالیسیوں اور پابندیوں کے باعث وہ اپنے دفاع کے لیے سب سے زیادہ طاقتور ماڈلز کا استعمال نہیں کرسکی، جبکہ حملہ آور کسی قسم کی پالیسی کا پابند نہیں تھا، جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان ایک عدم توازن قائم رہا۔

کمپنی اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ آیا کسی صارف کا ڈیٹا چوری ہوا ہے یا نہیں اور انہوں نے تمام صارفین کو اپنے اکاؤنٹس پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US