گوگل نے ڈیپ فیک فراڈ اور اکاؤنٹ ہیکنگ سے نمٹنے کے لیے ایک نیا 'سیلفی ویڈیو' سائن ان اور ریکوری فیچر متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین روایتی طریقے دستیاب نہ ہونے کی صورت میں اپنے اکاؤنٹس میں لاگ ان یا انہیں ریکور کرنے کے لیے اپنی ایک مختصر ویڈیو کا استعمال کر سکیں گے۔
اس سہولت کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو گوگل اکاؤنٹ سیٹنگز میں 'سیکیورٹی اینڈ سائن ان' کے آپشن میں جا کر 'سیلفی ویڈیو' کا انتخاب کرنا ہوگا اور کیمرے کے سامنے اسکرین پر دی گئی ہدایات کے مطابق سر کی حرکت کے ساتھ ایک ویڈیو ریکارڈ کرنی ہوگی۔
کمپنی کے مطابق سائن ان کے دوران صارف کو رئیل ٹائم میں سر کی حرکت دکھانی ہوگی تاکہ ساکت تصاویر یا ڈیپ فیک ویڈیوز کے ذریعے ہیکنگ کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
گوگل نے وضاحت کی ہے کہ صارف کی اصل محفوظ کردہ ویڈیو کو انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا، جسے بعد میں لائیو ویڈیو کے ذریعے صارف کی شناخت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ صارفین کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ اپنے ڈیش بورڈ سے کسی بھی وقت اپنی ویڈیو ڈیلیٹ کر سکیں۔ یہ نیا فیچر فی الوقت مختلف مراحل میں جاری کیا جا رہا ہے اور جلد ہی دنیا بھر کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔