یوٹیوب نے اپنے صارفین کی ایک پرانی خواہش پوری کرتے ہوئے شارٹس ویڈیوز کےلیے نیا اور مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے ویڈیو بنانے والے اب اپنی مختصر ویڈیوز کے لیے مرضی کا تھمب نیل منتخب یا اپ لوڈ کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد تخلیق کاروں کو اپنی ویڈیوز زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کے مواد کو زیادہ ناظرین تک پہنچانے میں مدد مل سکے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف ان صارفین کو فراہم کی جارہی ہے جو یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں، یعنی وہ اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کررہے ہیں۔ ایسے تخلیق کار اب اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کی کسٹم تھمب نیل تصویر اپ لوڈ کرسکیں گے، جس سے ان کی ویڈیوز زیادہ نمایاں نظر آئیں گی۔
اس کے علاوہ، یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے سے شائع شدہ شارٹس ویڈیوز کے تھمب نیل بھی تبدیل کر سکیں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر پر صارفین کو ویڈیو کے تین تجویز کردہ فریمز میں سے کسی ایک کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔
یہ سہولت طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے پہلے ہی موجود تھی، تاہم اب اسے شارٹس ویڈیوز تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے کی طرح ویڈیو کے کسی بھی فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرسکیں گے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ تجویز کیے جانے والے تھمب نیلز ویڈیو کے موضوع، انداز اور مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے جائیں گے، تاکہ وہ ناظرین کی توجہ زیادہ مؤثر طریقے سے حاصل کرسکیں۔ مستقبل میں اس فیچر کو مرحلہ وار مزید صارفین کے لیے بھی دستیاب کردیا جائے گا۔