پاکستان نے ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فروغ کے شعبے میں اہم پیش رفت حاصل کرتے ہوئے عالمی مسابقت کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھا دیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت اور حکومتی اصلاحات کے نتیجے میں مالی سال 2026 کے دوران آئی ٹی اور آئی سی ٹی برآمدات میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برآمدات کا حجم بڑھ کر 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق آئی ٹی شعبے نے 3.9 ارب ڈالر کا تاریخی تجارتی سرپلس حاصل کیا، جبکہ پاکستانی فری لانسرز کی ترسیلات زر میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ فری لانسرز کی آمدن 78 فیصد بڑھ کر 1.76 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق قومی اے آئی پالیسی 2025، ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، اور ہری پور و نسٹ میں قائم مصنوعی ذہانت کے مراکز پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کو نئی رفتار فراہم کر رہے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے جدید ٹیکنالوجی، اختراع اور ڈیجیٹل معیشت کو مزید فروغ ملے گا، جس سے روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔