ضرورت سے زیادہ انٹرنیٹ کا استعمال شخصیت کے لیے نقصان دہ قرار

image

جرمنی میں ہونے والی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ انٹرنیٹ پر ضرورت سے زیادہ وقت گزارنے کی عادت ذہنی صحت اور شخصیت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے جس سے تناؤ، چڑچڑے پن اور روزمرہ کی اہم سرگرمیوں سے غفلت جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔

جرمنی کی Duisburg-Essen یونیورسٹی کی تحقیق میں 900 افراد کو شامل کیا گیا، جن کی آن لائن سرگرمیوں اور انٹرنیٹ استعمال کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ محققین نے شرکا کو انٹرنیٹ کے استعمال کے دورانیے کی بنیاد پر تین گروپوں میں تقسیم کیا۔

تحقیق کے دوران شرکا نے دو ہفتوں تک روزانہ اپنی ذہنی کیفیت، تناؤ کی سطح، انٹرنیٹ استعمال کرنے کی خواہش اور آن لائن گزارے گئے وقت سے متعلق معلومات فراہم کیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد انٹرنیٹ پر بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں، ان میں چڑچڑے پن، ذہنی دباؤ اور زندگی کی دیگر اہم ذمہ داریوں کو نظر انداز کرنے کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے۔ محققین کے مطابق ایسے افراد انٹرنیٹ کے استعمال میں خوشی اور سکون محسوس کرتے ہیں، جس کے باعث اس کی عادت مزید مضبوط ہو جاتی ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا کہ ضرورت سے زیادہ آن لائن سرگرمیاں زندگی کے مختلف شعبوں کو متاثر کر سکتی ہیں، جبکہ اس تحقیق کے نتائج جرنل پلوس ون میں شائع کیے گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US