کراچی (نیٹ نیوز) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد
دبیر نے انٹرمیڈیٹ کے ضمنی امتحانات برائے 2015ء میں کامیاب نہ ہونے والے
ان امیدواروں کیلئے جو انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء میں شرکت
کے خواہشمند اور اہل ہیں امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان
کردیا ہے۔ایسے تمام امیدوار انٹرمیڈیٹ سال اول، سال دوم اور سال اول و دوم
باہم کیلئے تمام گروپس سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، کامرس
ریگولر، آرٹس ریگولر، ہوم اکنامکس، کامرس پرائیویٹ ،آرٹس پرائیویٹ اور
امپروومنٹ آف ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹس اور بینیفٹ کیسز کیلئے امتحانی فارم
جمع کرواسکتے ہیں۔ شیڈول کے مطابق تمام ریگولر امیدوار اپنے امتحانی فارم
بروز بدھ 24 فروری سے بروز منگل 8 مارچ 2016ء تک اپنے متعلقہ کالجوں میں
جمع کرواسکتے ہیں جبکہ پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم ضروری تصدیق کے
بعد انہی تاریخوں میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ میں واقع بینک برانچ میں جمع
کرواسکتے ہیں۔کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام ریگولر امیدواروں کے
امتحانی فارم اور فیسوں کے پے آرڈر بروز جمعرات 10 مارچ 2016ء تک بورڈ
آفس کے اکائونٹس سیکشن میں جمع کروادیں۔مقررہ تاریخ تک امتحانی فارم جمع
نہ کروانے والے امیدوار 9مارچ سے 15مارچ تک 200روپے لیٹ فیس کے ساتھ،
16مارچ سے 21مارچ تک 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ اور 22 مارچ سے 28مارچ تک
ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ اپنے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں جبکہ
ایسے امیدوار جو کسی بھی وجہ سے ابھی تک امتحانی فارم نہیں جمع کرواسکے ہیں
وہ بھی ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ 22مارچ سے 28 مارچ تک اپنے امتحانی
فارم جمع کرواسکتے ہیں۔