رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی محکمۂ تعلیم پنجاب نے اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے، تاکہ طلبہ اور اساتذہ سہولت کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔
نئے شیڈول کے مطابق، پیر سے جمعرات تک پنجاب بھر کے تمام اسکول صبح 8:30 بجے کھلیں گے اور ایک بجے چھٹی ہو گی، جبکہ جمعہ کے روز اسکولوں میں ساڑھے 12 بجے ہی تدریسی عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
ڈبل شفٹ والے تعلیمی اداروں کے لیے بھی خصوصی شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ پہلی شفٹ کے تحت کلاسز صبح ساڑھے 8 سے 12 بجے تک جاری رہیں گی، جبکہ دوسری شفٹ کا آغاز ایک بجے ہوگا اور تدریسی عمل شام 4 بجے تک مکمل کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی نوٹیفکیشن میں طالبات کے لیے ایک خصوصی رعایت کا بھی اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت انہیں عام چھٹی سے 15 منٹ پہلے اسکول سے روانہ کر دیا جائے گا۔