پاکستان کی معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے گزشتہ ہفتہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ ان میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ان کی سرجری بھی ایک دو دن میں متوقع ہے تاہم اب ان کی سرجری ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادیہ جمیل نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں لکھا کہ 'سرجری کے بعد ٹوئٹر پر موجود میرے مداحوں کے لیے مسکراتی تصویر، آپ سب کی دعاؤں اور پیار کا بے حد شکریہ، آپ سب کا دل بہت بڑا ہے اور میں یقیناً بہت خوش قسمت ہوں'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ '2 ہفتوں میں لمف نوڈ بائیوپسی کے کیموتھراپی اور ریڈی ایشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا، مضبوط ہو رہی ہوں، درد برداشت کر رہی ہوں، آج کے لیے شکر گزار ہوں'۔