پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر کا موبائل فون ہیک کر لیا گیا جس کے بعد اداکارہ کے موبائل فون سے نامعلوم شخص کی جانب سے کئی لوگوں کو کالز موصول ہوئیں۔
صبا قمر کے موبائل ہیک ہونے کی خبر ان کی مینیجر مشال چیمہ نے انسٹاگرام پر شئیر کی۔
ان کی مینیجر مشال چیمہ کا کہنا ہے کہ انہیں صبا قمر کے نمبر سے متعدد بار فون کالز موصول ہوئیں، جبکہ اس دوران فون پر ان سے کسی انجان شخص نے بات کی، حیران کن بات یہ تھی کہ اس دوران صبا قمر کے پاس ان کا فون موجود تھا۔
مشال نے مزید بتایا کہ مجھے صبا قمر کے موبائل فون سے تقریباً 10 کالز موصول ہوئیں، کال پر اس انجان شخص نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ مشی بات کر رہی ہیں؟۔
مشال چیمہ کے مطابق اس شخص کا کہنا تھا کہ اسے صبا قمر کا فون ایک پارک سے ملا اور پوچھنے پر کہ اس نے فون کس طرح استعمال کیا تو اس پر اس شخص نے بتایا کہ جب اسے فون ملا تو وہ لاک نہیں تھا، جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ اس وقت کہاں موجود ہے تو وہ بار بار یہی سوال کرتا رہا کہ کیا یہ صبا قمر کا نمبر ہے جس پر مجھے غصہ آگیا جس کے بعد اس شخص نے کال کٹ کر دی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران صبا قمر اپنے گھر میں موجود تھیں اور یہ سوچ کر انہیں بہت تشویش اور حیرانی ہوئی کہ کوئی ان کا فون کس طرح استعمال کررہا تھا۔
مشال چیمہ کے مطابق صبا قمر کا نمبر کسی ہاؤس پارٹی ایپ کے ذریعے ہیک کیا گیا، لاک ڈاؤن کے دوران اس ایپ کے استعمال میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔