دو روز قبل پاکستانی شوبز انڈسٹری کے منجھے ہوئے فنکاروں کی شادی کی خبر آئی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ ہر طرف بس ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کے نکاح کی باتیں ہونے لگیں۔
ثمینہ احمد کے مداح ان کے اس فیصلے سے بے حد خوش ہیں جبکہ خود اداکارہ کا کہنا ہے کہ 'ہمیں نہیں معلوم تھا کہ کورونا آجائے گا، میں سمجھتی ہوں زندگی کے معاملات نہیں رکتے'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'ہر ایک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی خوشی کے مطابق دوسرے لوگوں کی پرواہ کیے بغیر زندگی کو جئے اور ہماری شادی کا فیصلہ بھی ہماری خوشی کا فیصلہ ہے جس پر کسی کو بالکل اعتراض نہیں ہونا چاہیے'۔
ثمینہ احمد نے انکشاف کیا کہ 'شادی کی باتیں کافی عرصہ سے چل رہی تھیں اور ہم نے شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ ہم کوئی اٹھارہ سال کے بچے نہیں جو کوئی جذباتی فیصلہ کریں، منظر صہبائی بھی ایک کامل انسان ہیں، ہم نے یہ شادی سوچ سمجھ کر کی ہے جس سے میرے دونوں بچے خوش ہیں'۔
اس سلسلے میں ثمینہ احمد کے بیٹے زین احمد جو کہ تھیٹر کے اداکار و ہدایت کار اور ناپا کے آرٹسٹک ڈائریکٹر ہیں، انہوں نے بتایا کہ ثمینہ احمد اور منظر صہبائی کی شادی کے فیصلے سے متعلق انہیں معلوم تھا اور وہ اپنی والدہ کے اس فیصلہ سے خوش ہیں۔
یاد رہے لیجنڈری اداکارہ ثمینہ احمد کی پہلی شادی فلم ڈائریکٹر فرید احمد سے ہوئی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔