دنیا بھر میں کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے جبکہ پاکستان کے بھی بیشتر شہروں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال برقرار ہے۔
ایسے میں مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملہ جو فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے، ان کے لیے ہماری شوبز اندسٹری سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی میدان میں آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نامور ڈیزائنر عاصم جوفا نے اس کام کا آغاز کیا اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔
پیغام میں عاصم جوفا کا کہنا تھا کہ میں نے اور میری ٹیم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کے لیے حفاظتی لباس بنائیں گے اور انہیں مفت تقسیم کریں گے۔ مجھے آپ سب کی دعاؤں کی بے حد ضرورت ہے۔
عاصم جوفا کے اس ویڈیو پیغام کے بعد بہت سے دیگر اداکار بھی اس کام میں پیش پیش نظر آئے اور اپنی خدمات پیش کیں۔
جن فنکاروں نے اس مہم میں حصہ لیا ان میں عدنان صدیقی، اقرا اور یاسر حسین، منال خان، اشنا شاہ، سونیا حسین اور شنیرا اکرم شامل تھیں۔