عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید گزشتہ 25 روز سے سماجی فاصلہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔
حال ہی میں ہمایوں سعید نے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کو ویڈیو کال کے ذریعے انٹرویو دیا اور قرنطینہ میں سماجی دوری اختیار کرنے کے حوالے سے گفتگو کی۔
اداکارہ اور ہوسٹ ثمینہ پیرزادہ نے جب ہمایوں سعید سے قرنطینہ میں گزارے گئے لمحات کے حوالے سے پوچھا تو اداکار کا کہنا تھا کہ اب میری عادات شاید تبدیل نہ ہوں، میں نے گزشتہ 25 دنوں میں کسی سے ہاتھ تک نہیں ملایا۔
انہوں نے بتایا کہ امریکہ سے وطن واپس آکر میں اور عدنان ایک ہوٹل میں قیام کے لئے رکے ، ہم دونوں نے کورونا کے ٹیسٹ کروائے، میں مسلسل ڈاکٹرز کو پریشان کرتا رہتا تھا کہ وہ مجھے کورونا ٹیسٹ سے متعلق نتائج سے کب آگاہ کریں گے، مجھے ایسا بھی لگا کہ کہیں میرے ٹیسٹ کے غلط نتائج نہ آجائیں، میں اس وقت بے حد خوفزدہ تھا۔
اس حوالے سے ہمایوں کا کہنا تھا کہ میں امریکا میں اپنے ڈرامے میرے پاس تم ہو، کے لئے رکھے گئے چند شوز کے لئے موجود تھا، جب ہم جارہے تھے تب کورونا اتنا پھیلا نہیں تھا، اس کے باوجود احتیاطی تدابیر کے لئے ہم ماسک، دستانے سب کچھ لے کر گئے، میں عدنان صدیقی اور حرا مانی کے ہمراہ امریکا گیا تھا۔
ہمایوں سعید کا مزید کہنا تھا کہ پہلے میں نے یہ سوچا کہ ہمارے شوز منسوخ ہوجائیں گے، کیوں کہ لوگ ہی نہیں آئیں گے تاہم لوگ آئے اور شوز بھی ہوئے۔
انٹرویو کے دوران ہمایوں نے بتایا کہ قرنطینہ کے دوران جب میں کھانستا یا مجھے چھینک آتی تو میں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ میں اتنا خوفزدہ ہو جاؤں گا، اس وقت مجھے لگا کہ میں واقعی کورونا کا شکار ہوگیا ہوں، جب میں نے عدنان کو یہ باتیں بتائیں تو اس نے کہا مجھ سے دور رہو، شکر ہے مجھے کچھ ہوا نہیں۔
خیال رہے کہ اداکار ہمایوں سعید گزشتہ ماہ امریکا سے واپس آئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو 14 روز کے لیے قرنطینہ کرلیا تھا۔