پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نامور اداکار شہروز سبزواری نے دو روز قبل اپنی والدہ کی سالگرہ کے موقع پر انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک تصویر اپ لوڈ کی جس کے کیپشن میں اداکار نے اپنی والدہ کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔
پوسٹ پر بے شمار لوگوں نے کمنٹ کر کے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شہروز کی والدہ کو سالگرہ کی مبارک دی تاہم پاکستان کی نامور ماڈل صدف کنول نے بھی اداکار کی پوسٹ پر کمنٹ کیا اور لکھا 'ہیپی برتھ ڈے ماما'۔
ماڈل کا یہ لکھنا تھا کہ ان پر تنقید کرنے والوں کے کمنٹس کی لائن لگ گئی جس کے بعد صدف کنول نے شہروز کی پوسٹ سے اپنا کمنٹ ڈیلیٹ کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار اور ماڈل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے طنزیہ ٹوئٹ کیا کہ 'شہروز اور صدف نے ازخود کوشش کی کہ ان پر لگنے والے الزامات کو کسی طور غلط ثابت کر دیا جائے لیکن چلیں کوئی بات نہیں'۔
احسن نامی صارف کا کہنا تھا کہ 'صدف کنول، سائرہ سے رشتہ ختم ہونے کے بعد زخموں پر نمک چھڑک رہی ہیں، اور پھر کچھ ایسے لوگ ہیں جو صدف کی حمایت کر رہے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں ان (اداکار اور ماڈل) کے ساتھ مکافاتِ عمل ہوگا'۔
فاطمہ نامی صارف نے کہا کہ 'ہم یہ قصہ اسی حرکت (صدف کنول کا کمنٹ کرنا پھر اسے ڈیلیٹ کرنا) پر چھوڑ دیتے ہیں'۔
واضح رہے شوبز انڈسٹری کی نامور جوڑی شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف کی چند ماہ قبل طلاق ہوئی جس کی وجہ صدف کنول کو ٹہرایا گیا۔