بالی ووڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی نامور اداکارہ اور مِس انڈیا بننے والی سشمیتا سین نے اپنے وِننگ گاؤن سے متعلق دلچسپ کہانی سنائی۔
بھارتی اداکارہ سشمیتا سین کی سوشل میڈیا ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک بھارتی ٹی وی پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھیں اور وہاں بیٹھے اپنے مداحوں کو بتایا کہ جب اُنہوں نے 1994 میں مِس انڈیا کا خطاب اپنے نام کیا تھا تو اور اس وقت جو’وننگ گاؤن انہوں نے زیب تن کیا تھا وہ کس نے بنایا اور کیسے بنایا تھا۔
اداکارہ سشمیتا سین کا کہنا تھا کہ جب میں نے مِس انڈیا کے مقابلے میں حصہ لیا تھا تو اُس وقت میری فیملی کے پاس اتنا پیسہ موجود نہیں تھا جس سے وہ مجھے ڈیزائنر ڈریس خرید کر دیتے کیونکہ اُس وقت مجھے چار ڈیزائنر لباس کی ضرورت تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرا تعلق ایک متوسط طبقے سے تھا اور مجھے اپنی مجبوریوں کا علم نہیں تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری والدہ نے مجھ سے کہا کہ اگر ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں تو کیا ہوا لوگ کپڑے دیکھنے نہیں آئیں گے بلکہ تمہیں دیکھنے آئیں گے۔
بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے بتایا کہ اُس کے بعد میں اور میری والدہ ایک قریبی مقامی بازار سے کپڑے خرید کر لائے اور پھر وہ کپڑے ہمارے گیراج کے ایک درزی کو تھما دئے اور اُن سے کہا کہ میں یہ کپڑے پہن کر ٹی وی پر آؤں گی تو اِس لئے گاؤن اچھا تیار کرنا۔
بعد ازاں اُس مقامی درزی نے اُس عام کپڑے سے میرا گاؤن تیار کیا اور میری ماں نے بچے ہوئے کپڑے سے پھول بنا کر میرے گاؤن پر لگایا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میری ماں نے میرے لئے نئے کالے موزے خرید کر اُن کو کاٹ کر میرے لئے دستانے بنائے تھے جو میں نے اپنے وننگ گاؤن کے ساتھ پہنے تھے۔
سشمیتا سین نے کہا کہ میرے لئے وہ دن بہت خاص ہے جس دن میں وہ ’وننگ گاؤن‘ پہن کر مِس انڈیا کا ٹائٹل جیتی تھی۔
انڈین اداکارہ نے مزید کہا کہ اس سے مجھے یہ سیکھنے کو ملا کہ انسان کو سب کچھ حاصل کرنے کے لئے پیسوں کی ضرورت نہیں ہوتی ہے بلکہ انسان کی نیت صاف ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ 1994 میں بھارتی اداکارہ سشمیتا سین نے مِس انڈیا کا ٹائٹل جیت کر اپنے نام کیا تھا۔