پاکستان کی نامور اداکارہ نمرہ خان لاک ڈاؤن کے دوران رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے 19 اپریل کو اپنے گھر میں منعقدہ نجی تقریب میں نکاح کیا جہاں صرف ان کے خاندان والے اور قریبی دوست موجود تھے۔
نمرہ خان نے اپنے نکاح کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک خوبصورت تصویر شئیر کرنے کے ساتھ کیا۔ اپنے شوہر کے ہمراہ تصویر شئیر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ الحمدللہ، میرا نکاح ہوگیا، مجھے صرف آپ لوگوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے والدین، بہنوں اور سسرال والوں سے بے حد محبت کرتی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر لندن میں پولیس افسر ہیں، ان کی شادی والدین کی مرضی سے ہوئی، ان کے شوہر والدین کے دوست کے بیٹے ہیں۔
نمرہ خان نے مزید بتایا کہ میں آگے جاکر لندن منتقل ہوجاؤں گی، لیکن کام کرتی رہوں گی، میرے شوہر بھی یہی چاہتے ہیں۔ نکاح کی تقریب کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ابھی گھر میں بس چھوٹی سی تقریب منعقد کی گئی تھی، لیکن لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بڑی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں خاندان والوں اور دوستوں کو بلایا جائے گا۔