نوول کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس کے باعث اس وقت جزوی لاک ڈاؤن نافذ ہے اور لوگ اپنے گھروں تک محدود ہیں۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے لوگ احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہے ہیں جس میں سماجی دوری، مسلسل صابن سے ہاتھ دھونا اور بار بار سینیٹائزر کا استعمال شامل ہیں۔
ایسے میں بھارتی اداکارہ جیا بھٹاچاریا بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مدد کر رہی ہیں۔
تاہم انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کی مدد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک ایسا فیصلہ لیا جس سے ان کے مداح حیرت زدہ ہوگئے۔
بھارتی اداکارہ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ غریب افراد میں راشن تقسیم کرنے کے لئے باہر جاتی ہیں لیکن ہر بار گھر واپس آکر حفاظتی تدابیر کو اپناتے ہوئے نہانا اور صفائی کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے ۔
جیا بھٹاچاریا نے ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے ان سب معاملات کے بعد اپنے سر کے بال منڈوانے کا فیصلہ کیا کیونکہ ان کے مطابق بالوں کو صاف کرنے میں بہت وقت ضائع ہو جاتا ہے۔
اداکارہ نے ویڈیو میں یہ بھی بتایا کہ ایسا کرنے پر ان کے بچے ان سے بے حد ناراض ہوں گے تاہم اب انہوں نے یہ فیصلہ کرلیا ہے۔