ذرائع کے مطابق شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ مہوش حیات نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبروں کو جھوٹا قرار دے دیا۔
پاکستانی ڈرامہ و فلم انڈسٹری کی باصلاحیت اور نامور اداکارہ مہوش حیات سے متعلق سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ مہوش حیات کووڈ 19 کی مہلک وبا کا شکار ہوگئی ہیں۔
جب مہوش حیات کے وائرس میں مبتلا ہونے کی خبریں شوبز پیجز پر بھی شئیر کی جانے لگیں تو انہوں نے اپنا وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے تمام خبروں کی تردید کی۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبر کا اسکرین شاٹ شئیر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میڈیا سے بس یہی گزارش کرتی ہوں کہ ایسی جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلانے سے پہلے ایک فون کال کر کے تصدیق کرلیتے تو اچھا ہوتا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی خبریں پھیلنے سے مذکورہ شخص اور اس کے اہل خانہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہذا صرف اپنے فالوورز بڑھانے کےلئے ایسی افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔