ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اور مداحوں میں بے حد پسند کی جانے والی اداکارہ حنا دلپزیر نے اپنی مزاحیہ اداکاری سے بہت مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے مشہور سٹکام بلبلے میں مومو کے کردار سے سب کو خوب ہنسایا اور اکثر لوگ انہیں ان کے اصل نام کے بجائے مومو کہہ کر پکارتے ہیں۔
پاکستان کی معروف اداکارہ حنا دلپزیر نے ایک پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے اداکاری میں آنے سے قبل کی زندگی کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے کہا کہ میرا اداکاری کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا مگر قسمت نے میرا رخ اداکاری کی جانب موڑ دیا۔ حنا دلپزیر کا کہنا تھا کہ میں نے ڈرامہ فیلڈ میں اپنا کام ایمانداری سے کرنے ہمیشہ سے کوشش کی ہے۔
اداکارہ حنا دلپزیر اداکاری میں آنے سے قبل 2001 میں دبئی میں رہتے ہوئے ریڈیو پاکستان میں بھی کام کرچکی ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے پلیز بھی لکھے۔
حنا دلپزیر کا ڈراموں میں آنا ایک اتفاق تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 2006 میں جب وہ دبئی سے پاکستان واپس آئیں تو انہوں نے جو ریڈیو میں پلے لکھا تھا وہ انہوں نے ڈرامہ سیریل میں تبدیل کر کے دوبارہ لکھا اور اس کو لے کر کام کے سلسلے میں اسٹوڈیو گئیں۔ وہاں موجود ڈائریکٹر نے انہیں ایک نوکرانی کا کردار دے دیا، پھر یوں ہوا کہ حنا دلپزیر نے وہ کردار بخوبی نبھایا جس کے بعد ڈائریکٹر نے انہیں مشہور ڈرامے برنس روڈ کی نیلوفر میں کاسٹ کرلیا۔
اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ اگر آپ اداکاری میں نہ آتیں تو پھر کیا کام کرتیں تو ان کا کنا تھا کہ میں اگر اداکارہ نہ ہوتی تو ایک ٹیچر ہوتی کیونکہ مجھے پڑھانے کا بہت شوق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا دل چاہتا ہے کہ میں دوبارہ سے پڑھنا لکھنا شروع کر دوں۔
حنا دلپزیر نے مزید بتایا کہ شوبز میں کام کرنے پر میرے گھر والوں نے بہت مخالفت کی تھی لیکن ان کے والد نے ہمیشہ انہیں سپورٹ کیا جس کی وجہ سے وہ آج پاکستان کی بہترین اداکارہ کے طور پر سامنے آئیں۔