ترک صدر رجب طیب اردوان کے بیٹے نے پاکستان کے دورے پر آنے کی دعوت قبول کر لی، تیمور خان بھٹی کی استنبول میں ترک صدر طیب اردوان کے بیٹے بلال اردگان سے ملاقات۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کے موجودہ وزیرِ کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی کی استنبول میں ترک صدر طیب اردوان کے بیٹے بلال اردگان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں ترکی اور پاکستان کے درمیان مقبول روایتی کھیلوں کا ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر وزیر کھیل پنجاب نے بلال اردوان کو پاکستان میں سجنے والے روایتی کھیلوں کے میلے میں شرکت کی دعوت دی جو کہ بلال اردوان نے قبول کرلی۔
بلال اردوان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور امتِ مسلمہ کا اہم رکن بھی ہے، بلال اردوان نے پاکستان میں علاقائی و روایتی کھیلوں کے لئے مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کروائی ساتھ ہی پاکستان کے روایتی کھیلوں کے میلے میں شرکت کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے پاکستان دورے پر آنے کی دعوت قبول کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترکی کے صدر رجب طیب اردوان بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں، جس کے بعد پاک ترک تجارت کی راہ مزید ہموار ہوئی اور باہمی تعلقات مستحکم ہوئے۔