کویت کا جشن آزادی، قومی دن منانے کیلئے تمام شہریوں کو خصوصی دعوت۔
کویتی زرائع ابلاغ کے مطابق کویت کے قومی دن کے موقع پر جشن منانے کیلئے شیخ عبد اللہ السالم کلچرل سینٹر کی جانب سے کویت کے تمام شہریوں کو دعوت عام دی گئی ہے، قومی دن کے موقع پر شیخ عبداللہ السالم کلچرل سینٹر میں رنگا رنگ سرگرمیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں کویت کے تمام شہریوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق کلچرل سینٹر اس بات پر بھی پُر جوش ہے کہ وہ اپنے نئے امیر ''شیخ نواف الاحمد الصباح'' کے دورِ حکومت میں پہلی بار یہ دن منائے گا۔
تاہم مملکت کے تیس سال مکمل ہونے کی خوشی میں شیخ عبداللہ السالم کلچرل سینٹر کے زیرِ اہتمام خصوصی پروگرام بھی ترتیب دیئے جا رہے ہیں جس میں شہری بھر پور شرکت کریں گے۔
کلچرل سینٹر کی جانب سے عوام کے نام دعوت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ''ہم آپ اور آپ کے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں سے استفادہ چاہتے ہیں اگر آپ اس حوالے سے اپنی نظمیں ڈرائنگ یا آزادی کی مناسبت سے مضامین یا تاریخی کہانیاں ارسال کرنا چاہتے ہیں تو رابطہ کریں''۔
کلچرل سینٹر جشن آزادی کے حوالے سے ایک نمائش کا اہتمام کرے گا جس میں ان بچوں کے فن پارے آویزاں کیے جائیں گے اور بہترین تخلیقی کاموں پر بچوں کو انعامات سے بھی نوازہ جائے گا۔
یہی نہیں بلکہ بڑوں کی شرکت یقینی بنانے کیلئے بھی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے بڑوں کے لئے فوٹو گرافی کا مقابلہ ہوگا جس میں تمام فوٹو گرافروں کو جشن آزادی منانے اور اس میں حصہ لینے کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کلچرل سینٹر کویت 25 فروری کو مملکت کے تیس سال مکمل ہونے کی خوشی میں بھر پور انداز میں جشنِ آزادی منانے کے لئے تمام شہریوں کو دعوتِ عام دے رہا ہے۔