لوگوں کا خلا میں جانا اور وہاں کی سیر کرنا تو سب نے سنا ہو گا لیکن کیا کبھی کسی سموسے کو خلا کا سفر کرتے دیکھا ہے؟
جی ہاں! آپ نے بالکل ٹھیک پڑھا۔ برطانیہ میں واقع ایک ریسٹورنٹ نے لوگوں کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے کے لیے سموسوں کو خلا میں بھیجنے کی کوشش کی جو کہ ناکام ہوگئی۔
ریسٹورنٹ کے مالک نے ویدر بلون(موسم کا جائزہ لینے والے غبارہ) کا انتظام کیا جس کے ذریعے سموسے خلا کی طرف روانہ کیے گئے۔ لیکن غبارہ برطانیہ سے اڑان بھرنے کے بعد تکنیکی خرابی کے باعث فرانس میں جاگرا۔
نیراج گیدر نامی ریستوان مالک کا کہنا ہے کہ اس نے ایسا محض تفریح کے لیے کیا کیوں کہ ہم خوشیاں بکھیرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ''ہماری اس کوشش پر لوگ بہت ہنسے اور ہمارا مقصد بھی یہی تھا۔ نیراج گیدر نے سموسوں کو خلا میں بھیجنے کے لیے ویدر بلون میں گو پرو کیمرہ نصب کیا اور جی پی ایس ٹریکر بھی لگایا تاکہ اس کا اندازہ لگا جاسکے کہ ہمارا سموسا کہاں تک پہنچا لیکن بلون کے لائچ ہونے کے بعد اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی''۔
اڑان کے اگلے ہی دن بلون یورپی ملک فرانس میں گر گیا لیکن اس میں سموسے کا کوئی نام ونشان نہ تھا ممکنہ طور پر وہ فضا میں ہی کہیں بکھر گئے ہوں۔
تاہم اسی حوالے سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔