آپ نے کئی جہازوں کو رن وے پر لینڈ ہوتے یا ٹیک آف کرتے تو دیکھا ہو گا لیکن جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کی ویڈیو شاید ہی آپ نے دیکھی ہو۔
تھائی لینڈ میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نشے کا عادی ڈرائیور گاڑی سمیت اُس وقت رن وے پر پہنچا جب جہاز اترا ہی تھا، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والا شہری گاڑی رفتار سے چلاتا ہوا رن وے پر اُس وقت پہنچا جب بوئنگ 777 جہاز نے لینڈ کیا تھا۔ ڈرائیور نے دعویٰ کیا کہ اُس نے جلدی میں غلط موڑ لیا جس کی وجہ سے وہ رن وے پر پہنچ گیا۔
تاہم اس حیران کن منظر کو سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں بیٹھے شخص نے ریکارڈ کیا جس میں کار سوار کو سیکیورٹی حصار توڑ کر بنکاک کے سوارن بھومی ائیرپورٹ کے رن وے پر دیکھا جاسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا۔
ایئرپورٹ پر تعینات سیکیورٹی فورسز اور ملازمین نے جب ڈرائیور کو رن وے پر گاڑی چلاتے ہوئے دیکھا تو وہ حیران رہ گئے، چونکہ اسی دوران نیا جہاز اترا تھا تو ایئرپورٹ پر ایک افرا تفری مچ گئی تھی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں مذکورہ کار کے پاس پہنچیں اور اُسے گھیرے میں لیا۔
ائیرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے بعد ویڈیو بنانے والے شہری نے یہ بھی کہا کہ انتظامیہ معاملات سنبھالنے اور گاڑی کو رن وے تک پہنچنے سے روکنے میں ناکام رہی، اس شخص نے بہت آسانی سے خلاف ورزی کی اور تمام انتظامات کی قلعی کھول دی۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق ڈرائیور نے کوئی نشہ آور چیز پی تھی اور وہ ہوش میں نہیں تھا۔