سعودی شہزادہ محمد بن سلمان کا مخصوص لباس نوجوانوں کی توجہ کا مرکز بن گیا، تصاویر وائرل۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا لباس دیکھ کر سعودی نوجوان ان کے دیوانے ہو گئے، ان کا لباس اس قدر مقبول ہوا کہ دکانوں میں موجود سارا مال منٹوں میں فروخت ہو گیا۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ روز پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی مجلس انتظامیہ کی سربراہی کے دوران جو جیکٹ اور غترہ پہنا ہوا تھا وہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور سوشل میڈیا پر اس کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔
ان کا لباس سوشل میڈیا صارفین کو اتنا پسند آیا کہ ان کا لباس دیکھنے کے بعد ٹوئٹر صارفین نے سب سے پہلے یہ سوال اٹھایا کہ ولی عہد نے جو جیکٹ اور غترہ پہنے رکھا ہے وہ کس برانڈ کا ہے اور کہاں فروخت ہوتا ہے؟
کچھ صارفین نے کئی آن لائن شاپس اور ملک کی معروف دکانوں کے نام بتائے جہاں ولی عہد کے جیسا غترہ اور جیکٹ دستیاب تھی، بس پھر کیا تھا، سعودی نوجوان آن لائن شاپس اور مذکورہ دکانوں پر ٹوٹ پڑے اور کچھ ہی دیر میں مارکیٹ سے دونوں چیزیں فروخت ہو گئیں، اس لباس کے علاوہ ولی عہد کے دیگر لباس بھی لوگوں کو بے حد پسند آتے ہیں جو کہ ولی عہد کی شخصیت کو مزید دلکش اور منفرد بناتے ہیں۔
تاہم بعض ٹوئٹر صارفین نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیئے کہ وہ ولی عہد کے لباس پر توجہ دینے سے زیادہ ان کی سوچ و فکر کو اختیار کریں۔