دبئی نے مسافروں کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کر دیا، منفی پی سی آر ٹیسٹ لازم قرار۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کمیٹی نے سفری ضوابط سے متعلق پروٹو کول جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق متحدہ عرب امارات سمیت کسی بھی ملک سے آنے والے مسافر کے لیے دبئی روانگی سے قبل منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا لازم ہو گا۔
پی سی آر ٹیسٹوں کی میعاد 96 گھنٹے سے کم کر کے 72 گھنٹے کر دی گئی ہے، تاہم یو اے ای، جی سی سی اور سیاحوں کے لیے دبئی آمد سے قبل پی سی آر منفی شو کروانا درکار ہوگا، بصورتِ دیگر انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں مل سکے گی۔
خیال رہے کہ نئے پروٹوکول بیرون ملک سے آنے والے اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں پر یکساں لاگو ہوں گے جبکہ ان ضوابط کا نفاذ 31 جنوری سے کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سپریم کمیٹی کا کہنا ہےکہ نئے ٹریول پروٹوکول تازہ ترین مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی پیشرفت پر مبنی احتیاطی تدابیر پر نظر ثانی اور عمل کا حصہ ہیں جبکہ ان کا مقصد شہر کو ایک عالمی تجارتی مرکز کی حیثیت سے خدمات جاری رکھنے کا اہل بنانا ہے۔