بعض اوقات انسانی عقل اور آنکھ دونوں ہی اس وقت حیران رہ جاتی ہیں جب آپ کوئی ایسا منظر دیکھ لیں جس کے بارے میں آپ نے سوچا بھی نہ ہو۔
ایک ایسا ہی واقعہ بھارت میں پیش آیا، جس نے ہر دیکھنے والے کو دنگ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گلی میں کھڑی موٹر سائیکل اچانک خود بخود چل پڑی جس کا منظر سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کیا۔
وائرل ہوئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں کھڑی موٹر سائیکل اچانک خود بخود چل پڑی اور پھر گر پڑی، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے وائرل ہوئی، اور بڑی تعداد میں لوگوں نے اسے دیکھا اور شئیر کیا۔
ویڈیو میں گلی میں کھڑی بائیک خود بخود چلتی دکھائی دے رہی ہے، یہ 30 سیکنڈز کی فوٹیج ٹوئٹر پر ایک صارف نے شئیر کی تو دیکھنے والوں کے چھکے ہی چھوٹ گئے۔
فوٹیج کے مطابق گلی میں ایک گھر کے سامنے دو بائیکس کھڑی ہیں، چند سیکنڈز کے بعد ایک بائیک نے خود سے حرکت شروع کر دی، بائیک دائرے میں تھوڑی سے گھومی اور پھر اچانک زمین پر گر پڑی، ویڈیو میں کوئی انسان نظر نہیں آتا۔
تاہم ویڈیو شئیر کرنے والی صارف نے کیپشن لکھا کہ یہ منظر کیمرے میں قید ہو گیا ورنہ کوئی یقین نہ کرتا۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی اس پر مختلف تبصرے کیے، کسی نے اسے ناقابل یقین قرار دیا اور کسی نے مافوق الفطرت واقعات کو مذاق کا نشانہ بنایا۔