بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے تہلکہ مچا رکھا ہے اور ہر پانچ سے دس منٹ کے بعد کورونا کا مریض جان کی بازی ہار رہا ہے۔ بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر وہاں کی عوام ، پولیس ، صحافیوں کو مسلمانوں سے مدد لینی پڑ رہی ہے تو وہیں موجود بہت سے افراد پاکستانیوں سے مدد کی اپیل کررہے ہیں۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی نے پاکستانیوں سے درخواست کی ہے کہ ان کے کورونا میں مبتلا اہل خانہ کی صحت یابی کیلئے داتا دربار پر جا کر دعا کی جائے۔
اے بی پی نیوز سے وابستہ آشیش کمار سنگھ نامی صحافی نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی دوست میری اہلیہ سوچیکا، میرے اور میرے ان دوستوں کیلئے جو کورونا سے متاثر ہیں، داتا دربار پر جا کر دعا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ان کیلئے دعا کرنے جائے گا تو وہ ان مریضوں کے نام بھی بھیج دیں گے جن کیلئے دعا کرنی ہے اور اگر کوئی داتا صاحب کے مزار جاتا ہے تو وہ اس کے انتہائی مشکور ہوں گے۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں آشیش کمار نے کہا کہ انہیں داتا صاحب پر پورا یقین ہے اور انہیں امید ہے کہ داتا کرم کرے گا۔