انسانوں کا جنگل میں جانا یا جانوروں کا شہر آنا تو عام سی بات ہے مگر کیا آپ نے یہ خبر سنی ہے کہ ایک ہی گھر میں سانپوں کا کنبہ آباد ہو؟ ایسا ہی کچھ اس خبر میں سامنے آیا ہے۔
خبر کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ایک گاؤں کے گھر میں مزدور کام کررہے تھے، غسل خانہ توڑتے اسی وقت جب مزدور نے پانی کے ڈرم پر سے ڈھکن ہٹایا تو اس ڈرم میں موجود ایک نہیں، دو نہیں بلکہ 30 کے قریب سانپوں کو دیکھ کر بے ساختہ چیخ اٹھا۔
صورتحال اس وقت مزید خراب ہوگئی جب ایک اور ڈرم کے نیچے سے 50 سے 60 سانپ نکلے، سانپوں کو دیکھ کر گاؤں میں ایک عجیب خوف و ہراس پھیل گیا۔
موقع پر موجود لوگوں کی جانب سے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانپ پکڑنے والوں کو بلایا گیا، جس کے بعد 98 کے قریب سانپوں کو پکڑ کر ایک ندی میں چھوڑ دیا گیا۔
سانپ پکڑنے والوں کا کہنا تھا کہ اس قسم کے سانپ اکثر سمندر میں پائے جاتے ہیں، اور زہریلے نہیں ہوتے۔ تاہم اتنے سارے سانپ دیکھ کر گاؤں والے خوف کا شکار ہوگئے۔