کورونا کے باعث بھارت میں صورتحال تاحال پوری طرح کنٹرول نہ ہوسکی اور آئے روز ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی خاندان کورونا وائرس کی وجہ سے اُجڑ گئے ہیں جس کی دردناک داستانیں آج بھی سننے کو مل رہی ہیں۔
ایک ایسی ہی دردناک کہانی بھارت سے سامنے آئی ہے جس میں ایک 18 سالہ بچی نے بتایا کہ اس نے اپنے والدین کا لاشوں کو خود کس طرح دفن کیا اور کیا مشکلات درپیش آئیں۔
18 سالہ سونی کماری نے اپنی والدہ کی تدفین کے لیے پی پی ای کٹ پہن رکھی تھی۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کیسے ایک فوٹو گرافر نے ان کی جدوجہد کو ریکارڈ کر کے پوری دنیا کے سامنے پیش کیا۔
انھیں وہ آخری دن اچھی طرح سے یاد ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کورونا کے باعث ان کے والد چل بسے تھے اور وہ اپنے دو چھوٹے بھائی بہنوں کو گھر پر چھوڑ کر ایمبولینس کے ذریعہ اپنی والدہ کو ہسپتال لے کر دوڑی تھیں۔
لیکن ان کی ماں کو بچایا نہیں جا سکا اور جب سونی اپنی والدہ کی لاش لے کر مشرقی بھارتی ریاست بہار کے دور دراز گاؤں واپس آئیں تو انھیں پتا چلا کہ کوئی بھی ان تینوں بچوں کی مدد اور دیکھ بھال کا ذمی کوئی نہیں لینا چاہتا۔
سونی نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دنیا اجڑ گئی تھی اور ہم بے یار و مددگار ہو گئے تھے، میرے والدین تو تمام افراد کی مدد کرتے تھے لیکن ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت طلب ہوئی تو کسی نے ہماری جانب دیکھا تک نہیں اور ہماری مدد کرنے سے صاف انکار کردیا۔
18 سالہ سونی نے ماسک پہن رکھا ہے اور جب وہ اپنی کہانی سناتی ہیں تو وہ پرسکون نظر آتی ہیں اور ضبط و صبر کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ وہ اپنے درد کو چھپانے کی پوری کوشش کرتی ہیں۔
اس دوران اچانک مجھے ان کے 12 سالہ بھائی اور 14 سالہ بہن سکرین پر نظر آتی ہیں جو کہ پیچھے سے جھانک رہی ہیں۔
سونی نے بتایاکہ تنہا رہ جانے کا احساس سب سے زیادہ تکلیف دہ ہے۔ گھر میں اس کھانے کے سوا کچھ نہیں تھا جو میری ماں نے ہمارے لیے آخری بار پکایا تھا۔ کسی نے بھی ہمیں اس وقت تک کچھ نہیں دیا جب تک کہ ہماری کورونا کی جانچ منفی نہیں آگئی۔
جو لوگ اپنے دونوں والدین کووڈ 19 کے باعث کھو دیتے ہیں ان کے لیے لوگوں کی دوری ایک اضافی چیلنج ہوتا ہے جس سے انھیں نمٹنا ہوتا ہے۔
انڈیا میں خواتین و بچوں کے امور کی وزیر اسمرتی ایرانی کا کہنا ہے کہ ایسے بچوں کے لیے امداد موجود ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کے روز کورونا وبا میں اپنے والدین کو کھونے والے بچوں کے لیے کئی فلاحی فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔