امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فیس بک اکاؤنٹ 2 سال کیلئے معطل کر دیا گیا ، فیس بک حکام کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ضروری اور متشدد بیانات کی وجہ سے کیپٹل ہل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ 4 جون کو فیس بک نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ معطل کرنے کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی۔
تحقیقاتی رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ جنوری میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر عارضی طور پر بند کیا گیا تھا پر اب ان کے بیانات کا مزید جائزہ لینے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ 2 سال کیلئے بند کیا جا رہا ہے، اور انکا اکاؤنٹ بحال کرنا امن کیلئے خطرہ ہے جبکہ ماہرین نے مکمل جائزہ لینے کے بعد اکاؤنٹ معطل کرنے کی سفارش کی جس پر کمپنی نے عمل کیا ۔
فیس بک کے نائب صدر نے کہا کہ ہم نے ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو 2 سال کیلئے جیل میں بند کر دیا ہے اس کے علاوہ فیس بک کے نائب صدر نے کہا کہ ہم آزادی اظہار رائے کا احترام کرتے ہیں لیکن کسی کو بھی کسی کے بھی جذبات مجروح کرنے اور تشدد پر اکسانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔