آج ماحولیاتی آلودگی دنیا بھر کیلئے ایک بہت بڑا مسئلہ بن گئی ہے اسی مسئلے کو حل کرنے کیلئے دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مکمل الیکٹرک اور ہائبرڈ ٹیکسیاں چلانے کا اعلان کیا تھا اور اب اپنے مقرر کردہ ہدف میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی 50 فیصد کامیاب ہو گئی ہے اس موقع پر اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر برائے منصوبہ بندی اور کارپوریٹ گورننس ناصر بوشہاب نے دبئی کے شہریوں کو یہ خوشخبری سنائی کہ 2027 تک شہر میں چلنے والی تمام ٹیکسیاں االیکٹریکل یا ہائبرڈ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو جائیں گی۔
اتھارٹی کی جانب سے مزید یہ کہا گیا کہ آنے والے 7 سالوں میں الیکٹریکل اور ہائبرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کو فروغ دیا جائے گا اور صرف یہی نہیں بلکہ ان گاڑیوں کو چلانے والوں کو مختلف قسم کی مراعات حاصل ہوں گی مثلاََ پارکنگ فیس، روڈ فیس اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کی فیس معاف ہو گی ۔
اس کے علاوہ کارپوریٹ گورننس ناصر بوشہاب نے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی لانے کیلئے متحدہ عرب امارات نے پیرس میں معاہدہ کیا تھا اور الیکٹریکل گاڑیاں بھی اسی معاہدے کا ایک حصہ ہے اور دبئی میڈیا کے مطابق روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ 2050 تک تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو کاربن کے صفر فیصد اخراج پر لے آیا جائے گا ۔