بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور کے علاقے سوداما نگر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جس میں ایک پڑوسی کے کتے نے دوسرے پڑوسی نریندرا وشاویا کی بیوی کو کاٹ لیا جس پر شوہر نے تیش میں آکر اپنی رائفل سے کتے کو گولی ماردی، اس واقعہ کے بعد کتے کا مالک تھانے پہنچ گیا اور اپنے پڑوسی نریندرا وشاویا پر مقدمہ قائم کروا دیا۔
مزید یہ کہ اس واقعہ کے تفتیشی افسر منیش ماہور کا کہنا ہے کہ انڈین پینل کوڈ کے تحت نریندرا وشاویا پر مقدمہ قائم کر دیا گیا ہےاور اب وہ قانون کی گرفت میں ہے اور جس رائفل سے کتے کو گولی ماری گئی وہ نریندرا وشاویا کی لائسنس یافتہ رائفل ہے اور پولیس نے رائفل بھی برآمد کر لی ہے۔
اس کے علاوہ تفتیشی افسر نے یہ بھی کہا کہ نریندرا وشاویا نے پولیس کو بتایا کہ اس کتے نے اور بھی بہت سے لوگوں کو کاٹا جس پر اس کے مالک کو شکایت بھی کی لیکن اس نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا اور ساتھ ہی ساتھ تفتیشی افسر نے یہ بھی بتایا کہ نریندرا وشاویا کی بات سچ ثابت ہوئی ہے کہ کتے نے اب تک کئی اور لوگوں کو بھی کاٹ لیا ہے،جس پر پولیس کا کہنا ہے کہ اب کتے کے مالک کیخلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔