مزدوری کی ۔۔ کئی کئی روز بھوکے بھی رہے ۔۔۔ مراکش کے گول کیپر یاسین بونو کا تعلق پاکستان کے کس کس شہر سے ہے؟

image

پوری دنیا ان دنوں فٹ بال کے بخار میں مبتلا ہے، مسلمان ملک میں انعقاد کے بعد مسلمان ٹیموں کی کامیابیوں نے مخالفین کی نیندیں اڑا رکھی ہیں، پہلی بار میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی مراکش کی ٹیم اس وقت پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے، 4 کروڑ کے قریب آبادی کے ملک نے دنیا کے بڑی بڑی طاقتوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے۔

مراکش کی تاریخی اور ناقابل فراموش فتوحات کے پیچھے سب سے بڑا کردار گول کیپر یاسین بونو کا رہا ہے، شاندار پرفارمنس نے یاسین بونوکو پوری دنیا میں ایک سپر اسٹار بنادیا ہے، یہاں آپ کو یہ جان کر بہت حیرت ہوگی کہ یاسین بونو کا تعلق پاکستان ہے؟۔

پاکستان کے شہری اس بات پر تو متفق ہیں کہ یاسین بونو پاکستانی ہیں لیکن اب تک شہر کا کنفرم نہیں ہوسکا، کسی نے یاسین بونو کا نام ہی بدل دیا ہے اور یہ کہنا ہے کہ یاسین خان کا تعلق بلوچستان کے ضلع لورالائی سے ہے، کوئی کہتا ہے کہ مراکش فٹ بال ٹیم کے گول کیپر کوٹ ادو کے رہائشی ہیں، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ مراکشی گول کیپر یاسین کا تعلق ضلع راجن پور سے ہے یہ اپنا سرائیکی بھائی ہے۔

سرائیکی برادری نے تو یاسین بونو کی جائے پیدائش بھی ڈھونڈ نکالی ہے، سرائیکی بھائیوں کا کہنا ہے کہ یاسین کی پیدائش نشر اسپتال ملتان میں ہوئی جبکہ ان کا آبائی گاؤں فاضل پور ہے۔ تعلیم کے حصول کے لئے مراکش گئے تھے اور وہاں کالج کی فٹ بال ٹیم میں اچھی پرفارمنس دیتے دیتے مراکش کی قومی فٹ بال ٹیم میں شامل ہو گئے۔

اب جب یاسین بونو کی پاکستان میں جائے پیدائش ڈھونڈھنے کا مقابلہ ہورہا ہے تو سندھی بھائی کیوں پیچھے رہیں۔ سندھی بھائیوں کا کہنا ہے کہ یاسین بونو کا تعلق سندھ کے شہر گمبٹ سے ہے۔ وہ گمبٹ کے شیخ قبیلے میں پیدا ہوئے اور گاؤں کلیری میں بڑے ہوئے اور وہیں سے فٹبال کی شروعات کی۔

حقوق کا رونا رونے والے بھی کیوں پیچھے رہیں تو۔۔۔ اب ایک دعویٰ یہ ہے کہ یاسین کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔ بہترین حقوق نہ ملنے کی وجہ اور اچھی تعلیم نہ ہونے اور حکومت کی طرف سے سپورٹ نہ ملنے کی وجہ سےاعلیٰ تعلیم کیلئے مراکش چلے گئے تھے۔

پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ یاسین بونو لیبر ویزے پر مراکش گئے، ویلڈنگ کا کام کیا۔ دیہاڑیاں لگائیں اور جمعے کی چھٹی میں فٹ بال کھیلنے کا موقع ملا۔ کچھ لوگ تو یہ بھی کہتے ہیں کہ یاسین بونو کام نہ ملنے پر کئی کئی روز بھوکا رہتے تھے۔ یہ وہ دعوے اور کچھ میمز تھیں جو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وائرل ہوئیں۔

آئیے اب آپ کو بتاتے ہیں کہ یاسین بونو کا تعلق کہاں سے ہے۔ تو جناب ۔۔یاسین بونو کا تعلق مراکش سے ہی ہے۔ یاسین بونو کینیڈا میں پیدا ہوئے اور ان کے والد مراکشی ہیں۔ یاسین بونو کی زندگی کا زیادہ حصہ اسپین میں گزرا اور اسپینش لیگ ۔۔لالیگا۔۔ کا حصہ رہے ہیں۔

مراکش کی قومی ٹیم کے فٹ بالر یاسین بونو کا پاکستان سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے بطور مسلمان وہ ہمارا ہیرو ہی نہیں بلکہ ہمارا بھائی بھی ہے۔ اس لئے جو جیسے چاہے تعلق جوڑ سکتاہے۔


About the Author:

Arooj Bhatti is a versatile content creator with a passion for storytelling and a talent for capturing the human experience. With a several years of experience in news media, he has a strong foundation in visual storytelling, audio production, and written content.

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.