ویمن ٹی20 ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تین رنز سے ہرا دیا

image

جنوبی افریقہ کے شہر پارل میں کھیلے گئے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے سولہویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تین رنز سے ہرا دیا۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے اچھا ثابت ہوا۔ 

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 117 رنز کا ہدف دیا تھا جو وہ پورا نہ کر سکا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ منیبہ اقبال کی گری جو صرف پانچ رنز بنا کر ہیلے میتھیوز کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔ ان کے بعد ویسٹ انڈیزکی بولر کرشما ریمہیرک نے سدرہ امین کو آٹھ رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ کیا۔

ندا ڈار نے 31 گیندوں پر 27 بنائے اور اس کے بعد وہ ایفے فلیچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ کپتان مصباح معروف بھی 26 رنز بنا کر ہیلے میتھیوز کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئیں۔ ان کے بعد عالیہ ریاض نے ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن وہ بھی شمیلیا کونل کی گیند پر بولڈ ہو گئیں۔

ویسٹ انڈیز کی بولرز ہیلے میتھیوز نے دو، جبکہ کرشما ریمہیرک، ایفے فلیچر اور شمیلیا کونل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے اننگز کا آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں 33 رنز کے سکور پر ہیلے میتھیوز کی گری۔ وہ 20 رنز بنا کر فاطمہ ثنا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئیں۔

سعدیہ اقبال نے ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ راشدہ ولیمز کو 30 رنز پر آؤٹ کر کے حاصل کی۔ ان کے بعد چنیلی ہینری آئیں لیکن وہ زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکیں اور 11 رنز سکور کرنے کے بعد ندا ڈار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئیں۔

ویسٹ انڈیز کی چوتھی وکٹ شمین کیمپبیل کی گری جو 22 رنز بنانے کے بعد طوبی حسن کی گیند پر پویلین لوٹ گئیں۔ ان کے بعد عالیہ ایلین نے کریز سنبھالی مگر وہ صرف نو رنز بنا کر ندا ڈار کا شکار بن گئیں۔ میچ کے آخری اوور میں شبیکہ گجنابی 13 رنز بنا کر ناشرہ سندھو کے ہاتھوں آؤٹ ہوئیں۔

پاکستانی بولرز ندا ڈار نے دو، سعدیہ اقبال، فاطمہ ثنا، ناشرہ سندھو اور طوبی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اس ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں اب تک دو میچز کھیلے ہیں جن میں سے ایک میں اسے انڈیا کے ہاتھوں شکست ہوئی، جبکہ دوسرا میچ آئرلینڈ کے خلاف کھیلا جسے پاکستان نے جیت لیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.