سابق فوجی افسر اور ٹی وی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جنرل ریٹائرڈ امجد شعیب کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب گرفتار کیا گیا اور ان پر عوام اور سرکاری ملازمین کو حکومت کے خلاف اکسانے کا الزام ہے۔ان کے خلاف اسلام آباد کے مجسٹریٹ اویس خان کی مدعیت میں تھانہ رمنہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدے میں عوام کو اکسانے کی 153 اے اور 505 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق امجد شعیب نے نجی ’بول نیوز‘ چینل کے ایک پروگرام کے دوران سرکاری ملازمین اور ایوزیشن کو اپنے قانونی و سرکاری فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے لیے اکسایا ہے۔واضح رہے کہ جنرل (ر) امجد شعیب ٹی وی اور اپنے یو ٹیوب پروگراموں میں تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین عمران خان کی حمایت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔وہ سابق فوجی افسروں کی تنظیم ایکس سروس مین سوسائٹی کے عہدے دار بھی رہ چکے ہیں۔