بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان پر فائرنگ، چار مزدور ہلاک

image
بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں نامعلوم افراد نے چار کان کنوں کو قتل کرنے کے بعد کوئلے کی 12 کانوں اور مشینری کو آگ لگا دی۔ واقعے میں ایک مزدور زخمی بھی ہوا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ہرنائی مجید جوگیزئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ہرنائی سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع خوست کی کانوں پر رات کے وقت نامعلوم افراد نے فائرنگ کرتے ہوئے مزدوروں کو نشانہ بنایا۔

’حملے میں چار مزدور ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا جس کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ دو کان کنوں کے اغوا کی بھی اطلاع ملی تھی تاہم وہ خوفزدہ ہو کر چھپ گئے تھے۔

مجید جوگیزئی کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں سے دو کا تعلق خیبرپختونخوا جبکہ دو کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ کیمپ سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’حملہ آوروں نے کوئلے کی 12 کانوں اور باہر موجود مشینری کو بھی آگ لگائی اور اس کے بعد قریبی پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔‘

مرنے والے دو مزدوروں کا تعلق خیبرپختونخوا جبکہ دو کا قلعہ سیف اللہ سے ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو نے مزدوروں کے قتل کی مذمت کی ہے اور انتظامیہ کو کول مائنز ایریاز کی سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے- 


News Source   News Source Text

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts