انڈونیشیا کا دارالحکومت جکارتہ سے کیوں منتقل کیا جا رہا ہے؟

image
انڈونیشیا کی حکومت ملک کا دارالحکومت جکارتہ سے منتقل کرنے پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مشرقی بورنیو کے جنگل میں انڈونیشیا کے نئے دارالحکومت کی تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انڈونیشیا کے حکام کا کہنا ہے کہ نیا شہر ’ماحول دوست‘ ہو گا اور سنہ 2045 تک یہ کاربن کے اخراج سے بالکل محفوظ ہو گا۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا کے موجودہ دارالحکومت جکارتہ میں آبادی بہت زیادہ گنجان ہے اور ماحولیاتی آلودگی کے علاوہ یہ زلزلوں کا مرکز بھی رہا ہے۔

حالیہ برسوں میں یہ خبریں بھی سامنے آتی رہیں کہ جکارتہ شہر آہستہ آہستہ جاوا سمندر میں ڈوب رہا ہے۔

دوسری جانب مشرقی بورنیو کے جنگل میں نئے دارالحکومت کی تعمیر پر ماہرین ماحولیات کو تحفظات ہیں۔

ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ تعمیرات کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جنگلات کا کٹاؤ ہو گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ تعمیرات کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جنگلات کا کٹاؤ ہو گا اور وہاں رہنے والی معدومی کے خطرے کی شکار جنگلی حیات کے لیے بھی یہ اقدام نقصان دہ ہو گا۔

مشرقی بورنیو کا جنگل بھورے گوریلے کا مسکن ہے۔

انڈونیشیا کے نئے دارالحکومت کے مقام تک رسائی بہت محدود ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے نمائندوں کو مارچ کے شروع میں اس کے کچھ ان حصوں تک جانے کی اجازت دی گئی جہاں تعمیرات جاری ہیں۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کی آبادی لگ بھگ ایک کروڑ ہے۔ اس شہر کو دنیا کا سب سے تیزی سے ڈوبنے والا شہر قرار دیا جا رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ سنہ 2050 تک اس شہر کا ایک تہائی حصہ سمندر میں غائب ہو جائے گا۔

جکارتہ کے ڈوبنے کی ایک وجہ وہاں زمین سے نکالا جانے والا پانی ہے جس پر حکومت کنٹرول نہیں کر سکی ہے اور دوسری بڑی وجہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں سطح سمندر کا بلند ہونا ہے۔

مشرقی بورنیو کا جنگل بھورے گوریلے کا مسکن ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اس شہر کی فضا اور زیرِ زمین پانی بہت زیادہ آلودہ ہے۔ جکارتہ میں سیلاب بھی کثرت سے آتے ہیں۔

جکارتہ سے تقریباً 2000 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع انڈونیشیا کے نئے دارالحکومت میں سرکاری عمارات کی تعمیر کے بعد ابتدائی طور پر لگ بھگ 15 لاکھ سرکاری ملازمین کو وہاں منتقل کیا جائے گا۔

 نوسنترا نیشنل کیپیٹل اٹھارتی کے سربراہ بیمبینگ سوسانتونو نے کہا کہ نئے دارالحکومت کے لیے ’فوریسٹ سٹی‘ کا آئیڈیا سامنے رکھا جائے گا جس کے تحت اس کے 65 فیصد علاقے پر دوبارہ جنگل اگایا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.