ٹانک اور لکی مروت میں مردم شماری ٹیم پر حملے، دو پولیس اہلکار ہلاک

image

خیبرپختونخوا کے شہروں لکی مروت اور ٹانک میں مردم شماری کی ٹیموں پر فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیے گئے ہیں۔

لکی مروت میں تھانہ صدر کی حدود میں مردم شماری کی ٹیم ایک گلی میں موجود تھی کہ موٹر سائیکل پر آنے والے دو افراد نے اچانک فائرنگ کر دی جس سے ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار دل جان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور حملہ آور فرار ہو گئے۔

دوسرا واقعہ ٹانک میں گومل کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مردم شماری کی ٹیم اعدادوشمار شمار اکٹھے کرنے کے لیے کوٹ اعظم پہنچی۔ اس پر بھی اچانک فائرنگ کر دی گئی جس سے پولیس اہلکار خان نواب موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ آٹھ اہلکار زخمی ہو گئے جن کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے آٹھ مارچ کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں حفاظتی ڈیوٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.