سماعت سے محروم شہریوں کو پنجاب اسمبلی کارروائی سے باخبر رکھنے کے لیے خصوصی ایس ایل ٹی کی سہولت دے دی گئی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا ایوان کو عوام دوست بنانے کے لیے بڑا اقدام ہے۔ اب سماعت سے محروم حضرات بھی اسمبلی اجلاس سمجھ سکیں گے۔ ملک محمد احمد خان کی ہدایت کے مطابق اسمبلی اجلاس میں اب سے سائن لینگویج ٹرانسلیٹر موجود رہے گا۔
سائن لینگویج ٹرانسلیٹر کو لائیو نشریات میں اسکرین کا مخصوص حصہ دیا جائے گا، جس کے لیے اسمبلی میں ایک کیمرا مختص کر دیا گیا۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار سماعت سے محروم حضرات کے لیے بھی ایوان میں جگہ بنا دی گئی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کے مطابق یہ اسمبلی عوام کی نمائندہ ہے اور ہر شہری کو سماعت کا حق حاصل ہے، عوام کی نمائندہ اسمبلی میں عوام کی ترجمانی اولین ترجیح ہے۔