ملک میں ہولناک مہنگائی نے سرکاری ملازمین کو بھی مشکلات میں ڈال دیا، ایف بی آر کے ملازم نے وزیراعظم شہبازشریف سے کرپشن کرنے کی اجازت مانگ لی۔
سوشل میڈیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ملازم نے خط میں کہا کہ مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات تنخواہ سے پورے نہیں ہو رہے، گھریلو اخراجات ایک لاکھ 10 ہزار 500 روپے تک اور تنخواہ کم ہے، تنخواہ نہیں بڑھائی توکرپشن کرنےکی اجازت دی جائے۔
خط میں ملازم نے مزید لکھا کہ مہنگائی اوراخراجات بڑھنے کے باعث مستقبل کیلئے کوئی جمع پونجی نہیں، نیب، ایف آئی اے، پی ایم آفس اور دیگر اداروں کے ملازمین کی تنخواہ زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.80 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 46.65 فیصد ہو گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ٹماٹر 41 روپے 85 پیسے فی کلو مزید مہنگا ہو کر سنچری مکمل کر گیا جبکہ آٹے کا تھیلا 769 روپے 12 پیسے مزید مہنگا ہوا اور ملک میں آٹے کا تھیلا اوسطاً 2586 روپے 37 پیسے تک پہنچ گیا ہے۔