پاکستان میں مہنگائی اس وقت اپنے پورے عروج پر ہے، غریب کے ساتھ ساتھ متوسط طبقے کیلئے دو وقت روٹی کا حصول جوئے شیر لانے کے مترادف ہوچکا ہے تاہم مہنگائی کے اس دور میں بھی پاکستان میں ایسے لوگوں کی کوئی کمی نہیں جو غریب اور پریشان حال لوگوں کیلئے اپنی بساط کے مطابق آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پاکستان کے کئی شہروںمیں مختلف فلاحی تنظیموں کے دستر خوانوں سے روز ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں غریب اور سفید پوش لوگوں کو دو وقت کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے اور رمضان میں بھی ضرورت مند لوگوں کیلئے سحری اور افطاری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
کراچی میں گزشتہ کافی عرصہ سے مختلف سماجی اداروں کی جانب سے کئی علاقوں میں باقاعدہ کھانے کا دستر خوان لگایا جاتا ہے جہاں روزانہ ہزاروں شہری کھانا کھاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹ میں اسلام آباد کے ایک ریسٹورنٹ کے باہر بینر آویزاں ہے جس پر لکھا ہے کہ جس کے پاس پیسے نہ ہوں یہاں سے کھانا کھاسکتا ہےجبکہ پیزا شاپ نے بھی دکان کے باہر لکھ رکھا ہے کہ جس بھائی یا بہن کے پاس پیسے نہیں ہوں وہ بلا جھجھک اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نام پر کھانا کھا سکتا ہے۔