مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس آج جیل میں قیدیوں کے ساتھ عبادت کرینگے اور 12 نوجوان قیدیوں کے پاؤں بھی دھوئیںگے، مسلمان قیدی بھی شامل ہونگے۔
پوپ فرانسس نے اس سال پاؤں دھونے کی رسم کے ساتھ عشائے ربانی کا اجتماع منانے کے لیے ایک بار پھر جیل کا انتخاب کیا ہے۔ پوپ نے روم کے مضافات میں واقع کیسل ڈیل مارمو نابالغ جیل یہ رسم ادا کی۔
اس سال کی تقریبات نجی نوعیت کی تھیں لیکن ویٹیکن کے ذریعے لائیو اسٹریم کیا گیا۔ پوپ نے عبادت کے دوران مختلف قومیتوں کے 12 نوجوانوں کے پاؤں دھوئے۔
یاد رہے کہ پاؤں دھونے کی یہ رسم مسیحی عید ایسٹر کا حصہ ہے جو یسوع مسیح کے آخری کھانے کے موقع پر اپنے شاگردوں کے پاؤں دھونے کی یاد میں منائی جاتی ہے۔
پوری دنیا میں فادرز، بشپ، کارڈینلز اور خود پوپ بھی اس رسم کو ادا کرتے ہیں جبکہ پوپ فرانسس پاپائے اعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد گزشتہ چند برسوں سے قیدیوں کے ساتھ یہ رسم ادا کرتے ہیں۔
پوپ فرانسس ہر سال قیدیوں کے پاؤں دھوکر چومتے ہیں اور ان قیدیوں میں مسلمان بھی شامل ہوتے ہیں جبکہ اس سال بھی انہوں نے جیل کا انتخاب کیا ہے جہاں مسیحی، مسلمان اور دیگر مذاہب کے قیدی بھی شامل تھے۔