تحریک انصاف کی قیادت کا آج عدالت میں پیشی کے بعد عمران خان کو گرفتار کرنے کا خدشہ، بابر اعوان نے کارکنوں کو اہم پیغام دیدیا۔
اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی ہائیکورٹ میں پیشی کی مناسبت سے شہر میں دفعہ 144 نفاذ کرکے کسی بھی قسم کے اجتماع پر پابندی عائد کردی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر عمران خان کو آج تک پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کی تھی۔عدالت نے کہا تھا کہ اگر عمران خان جمعرات کو پیش نہ ہوئے تو ضمانت مسترد کردی جائے گی۔
تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خلاف گھناؤنے ایکشن پلان کی معتبر اطلاع ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعدعمران خان کو غیرقانونی طور پر گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ تحریک انصاف کے کارکن بھی کسی بھی قسم کی صورتحال کیلئے تیار رہیں۔
چیف جسٹس سے درخواست ہے وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ یہ ملک میں انارکی پھیلانے، نظام عدل کو بے توقیر کرنے اور وفاق پر حملے کی سب سے بڑی سازش ہے۔